انقرہ(خبر ایجنسی) ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ نیٹو کے آرٹیکل 5 کے اصول کے مطابق ہے، تاہم یہ معاہدہ ایران کیخلاف نہیں بلکہ خطے میں تعاون اور سلامتی کیلئے ہے۔
انقرہ میں گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ دفاعی معاہدے کے تحت نیٹو کی طرز پر وزارتی کمیٹی اور جنرل سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا۔حاقان فیدان نے بتایا کہ معاہدے کے جنرل سیکریٹریٹ کا ہیڈکوارٹر سعودی عرب میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مصر بھی تکنیکی معاملات طے ہونے کے بعد اس دفاعی اتحاد میں شامل ہوسکتا ہے۔ترک وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا مقصد کسی مخصوص ملک کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ خطے میں تعاون کو فروغ دینا اور اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق نیٹو کے آرٹیکل 5 کے تحت اجتماعی دفاع کا اصول کارفرما ہے، جس کے مطابق کسی ایک رکن پر مسلح حملہ تمام ارکان پر حملہ تصور کیا جاتا ہے اور اتحادی ممالک مشترکہ طور پر متاثرہ رکن کے دفاع کے لیے اقدامات کرتے ہیں۔

