دہلی میں 25 سالہ خاتون کی پراسرار ہلاکت، جہیز کیلئے تشدد کا الزام

نئی دہلی( بھارتی میڈیا)دہلی میں 25 سالہ خاتون مبینہ طور پر گھر کی چھت سے گر کر جاں بحق ہو گئی، واقعے سے چند منٹ قبل اس نے اپنی بہن کو مدد کیلئے فون کرتے ہوئے کہا تھا، ’مجھے بچالو، یہ مجھے مار رہے ہیں‘۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کے اہلِ خانہ نے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں پر کئی برس سے جہیز کیلئے ہراسانی اور جسمانی تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ شادی کے وقت مہنگے تحائف دیے جانے کے باوجود خاتون کو بار بار جہیز کے مطالبات پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

اہلِ خانہ کے مطابق خاتون نے موت سے چند لمحے قبل اپنی بہن کو فون کر کے بتایا کہ اسے شدید مارا جا رہا ہے اور وہ جان بچانے سے مایوس ہو چکی ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے شوہر اور ایک دوسرے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے نے بھارت میں جہیز سے متعلق بڑھتے ہوئے تشدد پر ایک بار پھر تشویش پیدا کر دی ہے۔