راولپنڈی: نجی کوریئر سروس کا بیگ چوری،ویزے لگے 50 سے زائد پاسپورٹس غائب

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی میں نجی کوریئر سروس کے نمائندے کی درخواست پر ویزے لگے پاسپورٹس سے بھرے ڈیلیوری بیگ کی چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق نامعلوم چور نجی کوریئر سروس کا ڈیلیوری بیگ لے کر فرار ہوگیا، جس میں 50 سے زائد پاسپورٹس موجود تھے۔ ان پاسپورٹس پر سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے ویزے لگے ہوئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق چوری ہونے والے بیگ میں شہریوں کی اہم دستاویزات، موبائل فون اور دیگر پارسل بھی موجود تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ ملزم کی تصویر اور چوری ہونے والے پاسپورٹس کی نقول بھی سامنے آگئی ہیں۔ پولیس نےمقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش اور پاسپورٹس کی برآمدگی کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے۔