راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی کی ملاقات

راولپنڈی ( آئی ایس پی آر، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان) چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں علاقائی اور دوطرفہ سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران پاک۔ایران سرحد پر مؤثر بارڈر مینجمنٹ، سیکیورٹی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن کے فروغ اور سفارتی کوششوں میں پاکستان کے مسلسل اور تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو اہم قرار دیتے ہوئے بطور داعیِ امن اس کی خدمات کی تعریف کی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے، سرحدی تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور علاقائی سلامتی، استحکام اور باہمی خوشحالی کے فروغ کے لیے موجودہ تعاون اور مشترکہ طریقۂ کار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔