ماسکو/نئی دہلی( عالمی میڈیا رپورٹس)روس اور بھارت نے ایک دوسرے کے ممالک میں فوجیوں کی تعیناتی کے لیے 5 سالہ معاہدہ کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دفاعی تعاون کے تحت طے پانے والے اس معاہدے کے ذریعے دونوں ممالک ایک دوسرے کی سرزمین پر 3 ہزار تک فوجی اہلکار تعینات کر سکیں گے۔
معاہدے میں یہ بھی شامل ہے کہ جنگی جہازوں اور فوجی طیاروں کو بھی ایک دوسرے کے علاقوں میں تعینات یا استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جس کے تحت 5 جنگی جہاز اور 10 لڑاکا طیارے میزبان ملک کی حدود میں رکھے جا سکیں گے۔یہ معاہدہ ریسیپروکل ایکسچینج آف لاجسٹکس ایگریمنٹ کے تحت طے پایا ہے، جس میں مشترکہ فوجی مشقیں، تربیتی پروگرام، انسانی امداد اور قدرتی آفات کے دوران تعاون بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے حالیہ دورۂ بھارت سے قبل اس بین الحکومتی معاہدے کی توثیق کے لیے قانون پر دستخط کیے تھے۔معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی بندرگاہوں میں جنگی جہاز لنگر انداز کر سکیں گے فضائی حدود استعمال کر سکیں گے اور فوجی طیاروں کو ایئر بیسز سمیت دیگر انفرااسٹرکچر تک رسائی حاصل ہوگی۔

