تلنگانہ (بھارتی میڈیا) بھارتی ریاست تلنگانہ میں ڈیڑھ ایکڑ زرعی زمین کی ملکیت کے تنازع پر سسرالیوں نے مبینہ طور پر 26 سالہ بہو کو قتل کرکے اس کا سر تن سے جدا کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ کٹراؤتھ سنیتا کی شادی تقریباً 10 سے 12 سال قبل کٹراؤتھ بلرام سے ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ شوہر کو ذہنی مسائل کا سامنا ہونے کے باعث گاؤں کے بزرگوں نے پنچایت میں فیصلہ کیا تھا کہ خاتون اور بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئےڈیڑھ ایکڑ زرعی زمین سنیتا کے نام منتقل کی جائیگی۔
رپورٹس کے مطابق زمین کی منتقلی کا فیصلہ سسرال کے دیگر افراد کو ناگوار گزرا۔ حال ہی میں سنیتا جب متنازع زمین کا دورہ کرنے گئی تو سسرالیوں نے اسے راستے میں روک لیا اور اپنے گھر لے گئے، جہاں تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کرکے اسے قتل کر دیا اور اس کا سر تن سے جدا کر دیا۔
مقتولہ کے والد والیا نائک کی شکایت پر پولیس نے مانیا نائیک، پانڈو نائیک، پاروتی اور مانکیا نائیک سمیت 4 افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔پولیس نے مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

