زیورخ :ایران کے میچز امریکا سے منتقل نہیں ہونگے:فیفا کا اعلان

زیورخ (سپورٹس ڈیسک) فیفا نے ایران کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔فیفا کے فیصلے کے بعد ایران کے وزیر کھیل نے فٹبال ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا ہے۔فیفا کے ترجمان کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کے میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے اور ادارہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ 6 دسمبر 2025 کو جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی ٹیموں کے درمیان مقابلے کروانے کی تیاری جاری ہے۔اس سے قبل ایران فٹبال فیڈریشن نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے میچز امریکا کے بجائے میکسیکو منتقل کیے جائیں۔

ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے اور سیکیورٹی خدشات کے باعث میچز کی منتقلی ضروری ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ جب ڈونلڈ ٹرمپ خود کہہ رہے ہیں کہ ایران ٹیم کا امریکا جانا مناسب نہیں تو ایسے میں میچز کو میکسیکو منتقل کیا جانا چاہیے۔