اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو سرکاری (بلیو) پاسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق بل منظور کر لیا۔
کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر عبدالقادر نے “ممبرز آف پارلیمنٹ (سیلریز اینڈ الاؤنسز) ترمیمی ایکٹ 2026ء” پیش کیا، جسے قائمہ کمیٹی نے منظور کر لیا۔
بل کے مطابق سابق اراکینِ پارلیمنٹ مفت سرکاری (بلیو) پاسپورٹ کے حقدار ہوں گے جبکہ ان کے شریکِ حیات اور 28 سال سے کم عمر زیرِ کفالت بچوں کو بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
بل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹائرڈ وفاقی سیکریٹریز اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ سہولت پہلے ہی حاصل ہے، لہٰذا سابق اراکینِ پارلیمنٹ کو بھی اسی نوعیت کی سہولت دی جانی چاہیے۔بل اب مزید قانون سازی کیلئے پارلیمانی مراحل سے گزرے گا۔

