سعودی عرب میں امریکی ایئر بیس ایرانی حملہ، 70 کروڑ ڈالر کا طیارہ تباہ

ریاض (سعودی میڈیا،غیرملکی خبر ایجنسیاں)ایران نے سعودی عرب میں امریکی زیرِ استعمال ایک ایئر بیس پر میزائل اور ڈرون حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس میں ایک نہایت مہنگے فوجی طیارے سمیت اہم اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق حملہ سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر کیا گیا، جہاں سعودی فضائیہ کے ساتھ امریکی افواج بھی تعینات ہیں۔اس کارروائی میں 6 بیلسٹک میزائل اور 29 ڈرونز استعمال کیے گئے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حملے کے دوران ایک جدید فضائی نگرانی کرنے والا طیارہ، جو دشمن کی نقل و حرکت، میزائلوں اور ڈرونز کی نگرانی کے ساتھ جنگی کمانڈ کیلئے استعمال ہوتا ہے، شدید متاثر ہوا۔ اس طیارے کی مالیت تقریباً 70 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ایندھن فراہم کرنے والے کئی طیاروں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ کم از کم 15 امریکی اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پرنس سلطان ایئر بیس، جو دارالحکومت ریاض سے تقریباً 96 کلومیٹر دور واقع ہے، ماضی میں بھی حملوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔ یہ اڈہ سعودی عرب اور امریکا کی مشترکہ فوجی سرگرمیوں کیلئےاہم حیثیت رکھتا ہے۔تاہم اس حملے سے متعلق امریکی یا سعودی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔