برامپٹن سٹی ہال میں چھٹی سالانہ پرچم کشائی، کینیڈا میں 39 لاکھ سے زائد افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں
برامپٹن (نمائندہ خصوصی) برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نےبرامپٹن سٹی ہال میں ذیابیطس سے آگاہی کے عالمی دن کے سلسلے میں چھٹی سالانہ پرچم کشائی کی تقریب کی میزبانی کی، جس میں منتخب نمائندوں، طبی ماہرین، محققین، سماجی تنظیموں، ذیابیطس کے مریضوں کیلئے کام کرنیوالے اداروں اور شہریوں نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد ذیابیطس سے آگاہی، بروقت تشخیص، بچاؤ، طبی تحقیق اور اس مرض میں مبتلا افراد کی معاونت کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔ سونیا سدھو کے مطابق کینیڈا میں 39 لاکھ سے زائد افراد ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، جس کے باعث یہ ملک کو درپیش صحتِ عامہ کے اہم مسائل میں شامل ہے۔
سونیا سدھو نے کہا کہ گزشتہ 6 برس سے برامپٹن میں اس تقریب کے ذریعے ذیابیطس کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور مریضوں کی معاونت کے عزم کا اعادہ کیا جا رہا ہے۔ تحقیق، بچاؤ کے اقدامات اور معاونتی پروگراموں میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم اس شعبے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مریضوں کو بہتر علاج اور ضروری سہولتیں میسر آ سکیں۔

پارلیمانی ذیابیطس کاکس کی چیئرپرسن اور اس مرض کی روک تھام و علاج کیلئے سرگرم سونیا سدھو نے کینیڈا کے پہلے قومی ذیابیطس فریم ورک کی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فریم ورک ان کے نجی رکن کے بل سی 237 کے نتیجے میں متعارف ہوا تھا۔ اس کے تحت ملک بھر میں ذیابیطس سے متعلق 72 اقدامات کی معاونت کی گئی اور قومی سطح کی تنظیموں کو آگاہی اور کمیونٹی تک رسائی کی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد ملی۔
انہوں نے بتایا کہ کینیڈین ادارہ برائے صحتِ تحقیق کے ذریعے 2020ء سے اب تک ذیابیطس کی تحقیق اور جدت کیلئے256 ملین ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری کی جا چکی ہے، جبکہ رواں سال ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچاؤ کے منصوبے کے تحت مقامی سطح پر اقدامات کی معاونت کیلئےمزید 10 ملین ڈالر مختص کیے گئے۔
سونیا سدھو نے بجٹ 2026ء میں ذیابیطس کے مریضوں کیلئے طبی اخراجات کے ٹیکس کریڈٹ تک رسائی آسان بنانے کے اقدامات کو بھی اہم قرار دیا۔ ان تبدیلیوں کے تحت انسولین اور انسولین پمپ کے لیے نسخے کی لازمی شرط ختم کی جا رہی ہے، جس سے اہل مریضوں کو طبی اخراجات پر ٹیکس رعایت حاصل کرنے میں سہولت ملے گی۔
انہوں نے برامپٹن کو کینیڈا کے ابھرتے ہوئے طبی اور حیاتیاتی علوم کے شعبے کا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے ولیم اوسلر ہیلتھ سسٹم، میڈٹرونک اور کینن کینیڈا کے کردار کو سراہا، جو طبی تحقیق، جدت اور علاج کے نتائج بہتر بنانے میں حصہ لے رہے ہیں۔
تقریب میں وفاقی وزیرِ مملکت برائے انسدادِ جرائم اور برامپٹن نارتھ کیلڈن کی رکنِ پارلیمنٹ روبی سہوتا، مسی ساگا ایرن ملز کی رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد اور برامپٹن سینٹر کی رکنِ پارلیمنٹ امن دیپ سودھی بھی شریک ہوئے۔
سونیا سدھو نے ذیابیطس کینیڈا، ذیابیطس ایکشن کینیڈا، بریک تھرو ٹی ون ڈی، ذیابیطس ہوپ فاؤنڈیشن، ڈائنا کیئر، ولیم اوسler ہیلتھ سسٹم، میڈٹرونک، اچیو، کینن کینیڈا، پنجابی کمیونٹی ہیلتھ سروسز، ایم ڈی اے اسپیس اور میلز آن ویلز سمیت شریک اداروں اور سماجی تنظیموں کی خدمات کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق کو آگے بڑھانے، خاندانوں کی معاونت، عوامی آگاہی اور علاج تک بہتر رسائی کے لیے ہر کوشش اہم ہے۔ مشترکہ اقدامات کے ذریعے ذیابیطس سے متاثرہ کینیڈین شہریوں کی زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے اور اس مرض سے پاک مستقبل کی جانب پیش رفت ممکن ہے۔

