ملتان (خبر ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جب بھی صوبوں میں گورنر راج نافذ کیا گیا، جمہوریت کی علمبردار پیپلز پارٹی نے کیا اور صدر آصف علی زرداری نے اس پر دستخط کیے۔
ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کو محرومی کی طرف دھکیلنے کی کیا ضرورت ہے؟ ملک میں چار صوبے ہیں اور صوبوں کی خودمختاری آئین میں طے کی گئی ہے۔ تمام صوبوں کو آئین اور قانون کے تحت خودمختاری حاصل ہے، مگر ہمیشہ صوبوں کے حقوق پر شب خون مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے امن، سیاست، جمہوریت اور پارلیمنٹ کا راستہ اختیار کیا ہے۔ ہم اپنی تاریخ سے واقف ہیں اور برصغیر کے سپوتوں کے وارث ہیں۔ اسلام کے راستے میں اگر کوئی رکاوٹ ہے تو وہ اقتدار کی ہوس اور دنیاوی مفادات ہیں۔

