عمران خان کی دو بہنیں کوٹ لکھپت جیل سے رہا، علیمہ خان بدستور زیرِ حراست

لاہور (خبر ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی دو بہنوں ڈاکٹر اُ عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا، ان کی بڑی بہن علیمہ خان بدستور جیل میں قید ہیں۔

عمران خان کی بہنوں کی رہائی پنجاب حکومت کی جانب سے نظر بندی کے احکامات واپس لینے کے بعد عمل میں آئی۔ دونوں خواتین کو تقریباً 53 روز قبل امن و امان برقرار رکھنے کے قانون کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔

عمران خان کے وکیل رانا مدثر عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں دونوں بہنوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی بحفاظت گھر پہنچ گئی ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے بھی دونوں بہنوں کی رہائی کی تصدیق کی اور امید ظاہر کی کہ علیمہ خان اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی جلد رہا کر دیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے کہا کہ دو بہنوں کی رہائی سے عمران خان کے خاندان کی مشکلات اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا معاملہ ختم نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ عمران خان کی تینوں بہنوں کو ستمبر میں اسلام آباد کی جانب تحریک انصاف کے مجوزہ احتجاجی مارچ سے قبل حراست میں لیا گیا تھا۔ حکومتی مؤقف تھا کہ وہ احتجاج کے لیے لوگوں کو متحرک کرکے امن و امان کا مسئلہ پیدا کر سکتی ہیں۔