اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے عازمین حج اور عمرہ زائرین کے لیے ویکسین کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
اس سلسلے میں کابینہ سیکریٹری کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس میں ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو، سربراہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان، اٹارنی جنرل آفس کا نمائندہ اور منیجنگ ڈائریکٹر پیپرا شامل ہیں۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہفتے کی صبح اسلام آباد میں ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ویکسین کی قیمتوں، ٹینڈر کے طریقہ کار اور آمدن کی تقسیم سے متعلق معاہدوں کی تحقیقات کریگی۔ویکسین کی فراہمی کا ٹھیکا سات کمپنیوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، جبکہ عمرہ زائرین سے ویکسینیشن پیکیج کیلئے تقریباً 4500 روپے وصول کیے جانے پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق سعودی عرب نے عمرے کیلئے انفلوئنزا ویکسین لازمی قرار نہیں دی۔ وزیراعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

