واقعہ ستیانہ کے علاقے میں پیش آیا، جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی گروپ سے تھا
حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی
فیصل آباد (خبر ایجنسیاں) فیصل آباد کے نواحی علاقے ستیانہ میں دیرینہ دشمنی پر مسلح مخالفین نے عدالت سے پیشی کے بعد واپس جانے والے 3 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ جھمرہ روڈ پر چک نمبر 532 گ ب کے قریب پیش آیا، جہاں تینوں افراد عدالت میں پیشی بھگتنے کے بعد اپنے گاؤں واپس جارہے تھے کہ مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وقاص ولد صدی احمد، جاوید ولد منظور اور علی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق مقتولین اور ملزمان کے درمیان دیرینہ دشمنی اور مقدمے بازی کا تنازع تھا۔
ریجنل پولیس آفیسر انعام الرحمٰن ملک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد تنویر حسین سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔
پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں شواہد اکٹھے کیے گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی جڑانوالہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

