فیفا ورلڈکپ 2026: ارجنٹینا نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

اٹلانٹا(فیفا+بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا آغاز تیز رفتار کھیل سے ہوا، جہاں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی۔ پہلے ہاف میں دونوں جانب سے گول کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں، تاہم کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی اور وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف میں انگلینڈ کے انتھونی گورڈن نے 55ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 85ویں منٹ میں اینزو فرنانڈیز کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا۔میچ کے انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں لاؤتارو مارٹینیز نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے ارجنٹینا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح دلا دی اور انگلینڈ کا 60 سال بعد ورلڈکپ فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ اتوار کی شب اسپین سے ہوگا، جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں ہفتے کی شب انگلینڈ اور فرانس کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔واضح رہے کہ ارجنٹینا کی ٹیم ساتویں مرتبہ فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل وہ تین مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکی ہے جبکہ تین بار رنر اپ رہی ہے۔