لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں زیر تعمیر عمارت کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اسکول انتظامیہ کے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متعلقہ اسکول غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا اور اس کی رجسٹریشن بھی نہیں تھی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے چار مزدوروں کو طبی امداد کے لیے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر مکان کے ساتھ واقع اسکول میں اس وقت سمر کیمپ جاری تھا اور بچے بھی موجود تھے۔ تعمیراتی کام کے دوران ساتھ والی عمارت کی دیوار گرنے سے زیر تعمیر عمارت کی پہلی منزل اور چھت منہدم ہو گئی۔
انتظامیہ کے مطابق اسکول کی عمارت کو توسیع دینے کے لیے ملحقہ عمارت پر تعمیراتی کام جاری تھا، جہاں پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ اسکول میں سمر کیمپ بھی غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا، تاہم حادثے کے وقت موجود تمام بچے محفوظ رہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی کارروائی مکمل کر کے جائے وقوعہ کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

