لاہور: پنکی کیس میں ناقص تفتیش ، تحقیقات دوبارہ ہونے کا امکان

لاہور (نامہ نگار)کراچی میں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے خلاف لاہور میں درج مقدمے میں ناقص تفتیش سامنے آگئی ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس انکوائری میں 2020 اور 2022 کے مقدمات کی تفتیش میں سنگین خامیاں پائی گئی ہیں، جس کے بعد قانونی ماہرین کی رائے پر کیس کی تفتیش دوبارہ کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مقدمے کے تفتیشی افسر نزاکت نے انمول عرف پنکی کو اس وقت گرفتار نہیں کیا تھا اور نہ ہی اسے صفحہ مثل کے چالان میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ چالان میں پنکی کی گرفتاری مؤخر رکھ کر مبینہ طور پر ایک اور ملزم ریاض کو بری کروایا گیا، جبکہ اسی مقدمے میں برآمد ہونے والی منشیات کا فرانزک بھی نہیں کروایا گیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ مقدمے کے تفتیشی افسر نزاکت اس وقت ریٹائر ہوچکے ہیں، جس کے باعث کیس کی دوبارہ تفتیش پر غور کیا جا رہا ہے۔