لاہور:ماہرِ تعلیم اور معروف کارٹونسٹ “میکسم” پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود انتقال کر گئے

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے ممتاز ماہرِ اسلامی فنِ تعمیر، آرٹ ہسٹورین، ماہرِ تعلیم، مصنف اور معروف کارٹونسٹ “میکسم” کے قلمی نام سے شہرت پانے والے پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود انتقال کر گئے۔

انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا سمیت مختلف اداروں میں تدریسی و تحقیقی خدمات انجام دیں جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں ایچ ای سی پروفیسر اور پی ایچ ڈی ریسرچ سینٹر کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں، جہاں انہوں نے آرٹ ہسٹری، فنِ تعمیر، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اسلامی بصری ثقافت کے میدان میں متعدد محققین کی رہنمائی کی۔

پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود اسلامی خطاطی، مغلیہ باغات، تاریخی مزارات، چولستان کے قلعوں اور پاکستان کے تعمیراتی ورثے پر مستند تحقیقات کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے تھے۔ ان کی متعدد کتب شائع ہوئیں جبکہ بطور کارٹونسٹ “میکسم” انہوں نے اپنے منفرد انداز سے سماجی اور سیاسی موضوعات کو اجاگر کیا۔

حکومتِ پاکستان نے فنِ تعمیر، آرٹ اور تعلیم کے شعبوں میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس (2001ء) اور ستارۂ امتیاز (2010ء) سے نوازا تھا۔

پنجاب یونیورسٹی نے اپنے تعزیتی بیان میں پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان میں اسلامی فنِ تعمیر، آرٹ اور ثقافتی ورثے کے نمایاں محققین میں شمار کیا ہے۔ یونیورسٹی کے مطابق وہ پنجاب یونیورسٹی کے ممتاز سابق طالب علم تھے، جنہوں نے فائن آرٹس میں گولڈ میڈل کے ساتھ ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، بعدازاں برطانیہ کی ہیریئٹ واٹ یونیورسٹی سے آرکیٹیکچرل کنزرویشن میں ایم ایس سی اور یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے اسلامی فنِ تعمیر میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

دوسری جانب یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے سابق طلبہ اور مختلف الومنائی تنظیموں نے بھی پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

سابق صدر اسٹوڈنٹس یونین یو ای ٹی لاہور سلیم چوہدری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر شوکت محمود نہ صرف آرکیٹیکچر کے ممتاز استاد، ماہرِ تعلیم اور آرٹ ہسٹورین تھے بلکہ اظہارِ رائے کی آزادی پر بھی پختہ یقین رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی میں قیام کے دوران ڈاکٹر شوکت محمود ہمیشہ طلبہ کیلئےشفیق، معاون اور حوصلہ افزا شخصیت رہے اور آرکیٹیکچر کے شعبے میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نےمحمد طاہر چوہدری، کامران قریشی، سید طیب رضا، یو ای ٹی لاہور الومنائی، اولڈ یو ای ٹیئن لاہور، یو ای ٹی الومنائی ایسوسی ایشن آسٹریلیا اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مرحوم کیلئےدعائے مغفرت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔