لندن: 75 برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا اسرائیل پر پابندیوں کا مطالبہ

لندن(ایجنسیاں)برطانیہ کی پارلیمنٹ کے 75 ارکان نے مغربی کنارے میں الحاق منصوبوں کے خلاف اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے ہنگامی تحریک پیش کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق رکن پارلیمنٹ رچرڈ برگن کی جانب سے پیش کی گئی اس تحریک میں اسرائیلی حکومت کے اُس فیصلے کی شدید مذمت کی گئی ہے جس کے تحت فلسطینی زمین کو “ریاستی اراضی” قرار دے کر اس پر قبضے کو قانونی شکل دینے کی کوشش کی گئی۔

تحریک میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس کا مقصد مزید فلسطینی زمین پر قبضہ مضبوط کرنا ہے۔ارکان پارلیمنٹ نے عالمی عدالتِ انصاف کی جولائی 2024 کی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی موجودگی غیر قانونی ہےاورفوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔

تحریک میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی ایسے تعاون کو ختم کرے جو قبضے کو تقویت دیتا ہو، جبکہ مقبوضہ علاقوں میں قائم یہودی بستیوں سے جڑی تجارت اور سرمایہ کاری پر پابندی عائد کی جائے۔

مزید یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل سے تجارتی معاہدہ معطل کیا جائے، اسلحے کی فراہمی پر مکمل پابندی لگائی جائے اور قبضے میں ملوث افراد و اداروں پر سفری پابندیاں اور اثاثے منجمد کیے جائیں۔