لندن :ایران کا ڈیگو گارشیا فوجی اڈے پر حملے کی کوشش ناکام

لندن (برطانوی سرکاری ذرائع، بین الاقوامی میڈیا) ایرانی افواج نے بحرِ ہند میں واقع امریکا اور برطانیہ کے مشترکہ فوجی اڈے ڈیگو گارشیا پر میزائل حملے کی کوشش کی جو ناکام بنا دی گئی۔برطانوی ذرائع کے مطابق ایران نے دو بیلسٹک میزائل داغے، جن میں سے ایک دورانِ پرواز ناکارہ ہو گیا جبکہ دوسرے کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، اس طرح دونوں میزائل ہدف تک نہ پہنچ سکے۔

رپورٹس کے مطابق یہ حملہ اس اعلان سے قبل کیا گیا جس میں برطانیہ نے امریکا کو ایرانی اہداف پر حملوں کیلئے اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے ایران کی میزائل صلاحیت کے بارے میں اندازے تبدیل ہوئے ہیں کیونکہ ڈیگو گارشیا ایران سے تقریباً 4 ہزار کلومیٹر دور ہے، جو ایران کی اعلان کردہ 2 ہزار کلومیٹر رینج سے کہیں زیادہ ہے۔

ڈیگو گارشیا بحرِ ہند میں چاگوس جزائر کا سب سے بڑا جزیرہ ہے جہاں امریکی و برطانوی فوجی اڈہ قائم ہے، یہ اڈہ اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے اور یہاں طویل رن وے، جوہری آبدوزوں کیلئے بندرگاہ اور جدید فوجی تنصیبات موجود ہیں۔رپورٹس کے مطابق امریکا اس اڈے پر بی-52 اور بی-1 اسٹریٹجک بمبار طیارے تعینات رکھتا ہے جبکہ یہ اڈہ عالمی فوجی لاجسٹکس کیلئے بھی اہم مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔

برطانیہ نے امریکا کو ڈیگو گارشیا اور آر اے ایف فیئر فورڈ سے دفاعی نوعیت کے حملوں کی اجازت دی ہے، تاہم قبرص میں واقع آر اے ایف اکروتیری اڈے کو جارحانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے سے انکار کیا ہے۔برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایران کی کارروائیاں خطے کے استحکام اور برطانوی مفادات کیلئے خطرہ ہیں۔