لندن ( دی میل آن سنڈے، برطانوی میڈیا)برطانوی میڈیا کے مطابق سابق وزیرِاعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائماگولڈ اسمتھ کی آئرش-آسٹریلوی کاروباری کیمرون او ریلی سے منگنی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 52 سالہ جمائماگولڈ اسمتھ اور 62 سالہ سرمایہ کار کیمرون او ریلی ایک سال سے زائد عرصے سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور دونوں کے درمیان تعلقات خوشگوار بتائے جا رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں کی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی، کیونکہ او ریلی متعدد فلموں اور دستاویزی منصوبوں میں بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر کام کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وہ پہلے دوست تھے اور بعد میں ان کے درمیان تعلقات قائم ہوئے جبکہ اب وہ سوئٹزرلینڈ اور مغربی لندن میں وقت گزارتے ہیں۔کیمرون او ریلی معروف میڈیا ٹائیکون اور سابق بین الاقوامی رگبی کھلاڑی سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے خاندانی میڈیا کاروبار سے وابستگی کے بعد اپنی نجی سرمایہ کاری کمپنی قائم کی اور مختلف عالمی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی۔
جمائماگولڈ اسمتھ معروف ارب پتی سر جیمز گولڈ اسمتھ کی بیٹی ہیں انہوں نے عمران خان سے کم عمری میں شادی کی تھی جو 2004 میں ختم ہوگئی۔ دونوں کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔جمائماگولڈ اسمتھ ماضی میں بھی کئی معروف شخصیات سے منسلک رہی ہیں جن میں ہیو گرانٹ اور رسل برانڈ شامل ہیں۔
وہ حالیہ برسوں میں عمران خان کی حمایت میں بھی سرگرم رہی ہیں، جو 2023 سے پاکستان میں قید ہیں، اور مختلف پلیٹ فارمز پر ان کے حق میں آواز بلند کرتی رہی ہیں۔یہ اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب گزشتہ سال اکتوبر میں ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

