قاہرہ / عمان (رائٹرز، اے ایف پی، وفا، اردن نیوز ایجنسی پیٹرا) پاکستان سمیت 8 عرب اور اسلامی ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی وزراء اور آبادکاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی جھنڈا نصب کیا گیا، جبکہ انتہا پسند اسرائیلی وزراء نے اسرائیلی فوج کی سکیورٹی میں مسجدِ اقصیٰ میں اشتعال انگیز اقدامات کیے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں 2 ٹینٹ بھی نصب کیے اور دیگر اشتعال انگیز کارروائیاں کیں۔
مشترکہ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ بیت المقدس کے قدیم شہر اور مقدس مقامات تک رسائی پر عائد تمام پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں اور اسرائیل مسجدِ اقصیٰ میں مسلمانوں کی عبادت میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے تاریخی، قانونی اور آبادیاتی تشخص کو تبدیل کرنے کی اسرائیلی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق مسجدِ اقصیٰ کا مکمل 144 دونم پر مشتمل احاطہ صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے، جبکہ اردن کے محکمۂ اوقاف کو ہی مسجدِ اقصیٰ کے انتظامی امور کا اختیار حاصل ہے۔اعلامیے میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو بیت المقدس کے اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر غیر قانونی اقدامات سے روکے۔

