مظفر گڑھ: دیور نے بھابھی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

مظفر گڑھ (نامہ نگار)مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں ایک افسوسناک واقعے میں دیور نے مبینہ طور پر اپنی بھابھی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں اور بعد ازاں دوران علاج دم توڑ گئیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا، اور آگ لگنے سے خاتون کا 80 فیصد سے زائد جسم جھلس گیا تھا۔ خاتون کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم دیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق مقتولہ کی شادی پانچ ماہ قبل ہوئی تھی جبکہ اس کا شوہر ملازمت کے سلسلے میں سیالکوٹ میں مقیم تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔