مظفر گڑھ میں پنچایت کا فیصلہ، کم عمر لڑکوں کو مجمع کے سامنے پاؤں چومنے پر مجبور کردیا گیا

مظفر گڑھ (نمائندہ خصوصی)مظفر گڑھ میں کم عمر لڑکوں کو بھرے مجمع میں پاؤں چومنے اور معافی مانگنے پر مجبور کرنے کے معاملے پر پولیس نے غیرقانونی پنچایت کے شرکاء سمیت 31 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہتک آمیز سلوک کے 2 واقعات میں ملوث 13 سے 15 سال عمر کے 4 لڑکوں اور پنچایت کے 27 شرکاء کے خلاف تھانہ خان گڑھ میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں نامزد 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق 15 اکتوبر کو لڑائی جھگڑے کے بعد 3 لڑکوں نے ایک لڑکے کو باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ الزام ہے کہ تشدد کے بعد متاثرہ لڑکے کو ملزمان کے پاؤں چومنے پر مجبور کیا گیا۔ اس واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 21 اکتوبر کو معاملہ اہلِ علاقہ کی پنچایت میں پیش کیا گیا، جہاں لوگوں کی موجودگی میں 3 لڑکوں کو متاثرہ لڑکے کے پاؤں چومنے اور معافی مانگنے پر مجبور کیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔