ملتان: خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ جھوٹا نکلا، میاں بیوی رقم لے کر سازش میں شریک ہوئے

ملتان (نامہ نگار)ملتان میں شوہر اور بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والی خاتون سے مبینہ زیادتی کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوگیا، پولیس کے مطابق میاں بیوی نے رقم کے عوض جھوٹا مقدمہ درج کروایا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ زیادتی کا مقدمہ دراصل کاروباری رنجش کا نتیجہ تھا۔ کاروباری تنازع پر مخالف شخص کو پھنسانے کیلئے مرکزی ملزم نے میاں بیوی کو استعمال کیا اور انہیں جھوٹا مقدمہ درج کروانے پر آمادہ کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے میاں بیوی کو اس مقصد کیلئے 2 لاکھ روپے دینے پر راضی کیا تھا۔ میڈیکل اور تکنیکی شواہد سے واقعے کے خود ساختہ ہونے کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق خاتون اور اس کا شوہر فرار ہیں، جن کی گرفتاری کیلئےپولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔