ملتان میں بچوں کے سامنے خاتون سے مبینہ زیادتی، 3 مسلح ملزمان کی تلاش جاری

ملتان (نمائندہ خصوصی)ملتان کے علاقے واں چھتہ میں شوہر اور 2 کمسن بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والی خاتون سے اسلحے کے زور پر مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے شوہر کی مدعیت میں 3 نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کا شوہر اپنی اہلیہ اور 2 بچوں کے ساتھ ایک عزیز کے گھر سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آرہا تھا کہ رات تقریباً 11 بجے بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح افراد نے راستہ روک لیا۔

مقدمے کے مطابق ملزمان نے اسلحے کے زور پر پورے خاندان کو یرغمال بنایا، جس کے بعد ایک ملزم خاتون کو سڑک سے دور درختوں کی جانب لے گیا اور مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ شور سن کر مقامی افراد موقع پر پہنچے تو تینوں ملزمان فرار ہوگئے۔

سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔ پولیس تفتیشی ٹیمیں ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے جیو فینسنگ اور علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے مدد لے رہی ہیں۔