ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاق نےچاروں صوبوں سے 35 ارب روپے کی کٹوتی کرلی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت چاروں صوبوں کے حصے سے 34 ارب 83 کروڑ 90 لاکھ روپے کی رقم منہا کرلی، جو مالی سال 2026-27ء کے پہلے دو ماہ کے دوران بطور غیر ٹیکس آمدن وصول کی گئی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبوں سے مجموعی طور پر 35 ارب روپے کی کٹوتی کی ہے۔ وفاق اور چاروں صوبوں کے درمیان بجٹ پیش کیے جانے سے قبل اتفاق ہوا تھا کہ صوبے قومی مالیاتی کمیشن کے تحت اپنے حصے سے وفاق کو مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے بطور گرانٹ فراہم کریں گے۔

یہ انتظام عالمی مالیاتی فنڈ کے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت وفاقی حکومت کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پہلے کہا تھا کہ صوبوں کی جانب سے وفاق کو گرانٹ فراہم کرنے کا یہ طریقہ درمیانی مدت تک جاری رہ سکتا ہے، تاہم انہوں نے اس کی حتمی مدت واضح نہیں کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت اس رقم کو آبی وسائل کے منصوبوں پر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جن میں دیامر بھاشا اور داسو ڈیموں کے علاوہ کراچی کا منصوبہ کے فور بھی شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی پہلے مرحلے کی رقم کی منظوری دے چکی ہے۔حکام کے مطابق صوبوں سے یہ رقوم وفاقی محصولات کی وصولی اور طے شدہ فارمولے کے تحت مرحلہ وار حاصل کی جائیں گی۔