ممبئی:پلک تیواری اور ابراہیم علی خان کے تین سالہ تعلق کا اختتام

ممبئی (خبر ایجنسیاں)بالی ووڈ اداکارہ پلک تیواری اور اداکار سیف علی خان کے صاحبزادے ابراہیم علی خان کے درمیان مبینہ طور پر تین سالہ تعلق ختم ہوگیا، دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ پلک تیواری اور 25 سالہ ابراہیم علی خان نے اپنے تعلق کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا میں یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ علیحدگی کا فیصلہ ابراہیم علی خان کی جانب سے کیا گیا، تاہم دونوں نے باہمی رضامندی سے راستے جدا کیے ہیں۔

قریبی ذرائع نے تعلق ختم ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم علیحدگی کی وجوہات سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں کی مشترکہ شوٹنگ بھی منسوخ یا عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں نے تاحال علیحدگی کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی ایک دوسرے کے خلاف کوئی منفی بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ دونوں کی توجہ اس وقت اپنے پیشہ ورانہ کیریئر پر مرکوز ہے۔

واضح رہے کہ 2024ء میں پلک تیواری کی والدہ شویتا تیواری نے اپنی بیٹی اور ابراہیم علی خان کے تعلق سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی باتیں زیادہ دیر تک اثر نہیں رکھتیں۔

پلک تیواری اور ابراہیم علی خان کے درمیان تعلقات کی خبریں پہلی مرتبہ 2022ء میں سامنے آئی تھیں، جب دونوں کو ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ سے ایک ساتھ باہر نکلتے دیکھا گیا تھا۔ بعدازاں بھی دونوں مختلف مواقع پر ایک ساتھ دکھائی دیے تھے۔