واشنگٹن (ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے نمائندے مذاکرات کیلئےاسلام آباد جا رہے ہیں اور وہ کل شام پاکستان کے دارالحکومت میں موجود ہوں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں فائرنگ کر کے سیزفائر کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان عجیب ہے کیونکہ امریکی ناکہ بندی کے باعث یہ پہلے ہی بند ہے، جبکہ ایران کو اس اقدام سے خود ہی نقصان ہو رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق بندرگاہ کی بندش کے باعث ایران کو روزانہ تقریباً 500 ملین ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ امریکا کو کوئی نقصان نہیں ہو رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے جہاز اب امریکا کی جانب ٹیکساس، لوزیانا اور الاسکا کی طرف رخ کر رہے ہیں اور اس صورتحال کی ذمہ داری پاسدارانِ انقلاب پر عائد ہوتی ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ امریکا نے ایران کو ایک مناسب معاہدے کی پیشکش کی ہے اور امید ہے کہ وہ اسے قبول کرے گا، بصورت دیگر امریکا ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں کو تباہ کر سکتا ہے۔

