نیویارک :مارک کارنی کا فلسطینیوں کیلئے 100 ملین ڈالر امداد کا اعلان

نیویارک (کینیڈین پریس، انادولو ایجنسی، گلوبل نیوز) کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر فلسطینیوں کیلئے 100 ملین کینیڈین ڈالر کی نئی بین الاقوامی امداد کا اعلان کردیا۔

مارک کارنی نے بتایا کہ امدادی رقم میں سے 80 ملین ڈالر انسانی امداد کیلئے جبکہ 20 ملین ڈالر امن و سلامتی کی استعداد بڑھانے کیلئے مختص کیے جائیں گے۔

کینیڈین وزیراعظم نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور گیانا کے صدر عرفان علی کے ساتھ دو ریاستی حل سے متعلق مشترکہ بیان سے قبل نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا اسرائیلی بستیوں میں تیار ہونے والی اشیا پر تجارتی پابندیاں عائد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اسرائیلی اور فلسطینی ریاستوں پر مشتمل دو ریاستی حل کے امکان کو محفوظ رکھنے میں مدد دینا ہے۔ کینیڈا، فرانس اور برطانیہ پہلے ہی اسرائیلی بستیوں سے درآمد ہونے والی اشیا پر پابندی کے لیے اقدامات کا اعلان کرچکے ہیں۔

مارک کارنی نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع، خصوصاً ای ون منصوبے، کو امن کیلئے براہ راست خطرہ قرار دیا۔ کینیڈین حکومت کے مطابق بستیوں کی توسیع دو ریاستی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

کینیڈین حکومت کے مطابق نئی امداد غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی ضروریات پوری کرنے کیلئے استعمال ہوگی، جبکہ امن و سلامتی کیلئے مختص رقم میں فلسطینی پولیس کی تربیت کے کثیر سالہ منصوبے کیلئے اضافی معاونت بھی شامل ہے۔مارک کارنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کینیڈا کی جانب سے دو ریاستی حل اور عالمی تعاون کیلئے حمایت کا اعادہ کررہے ہیں۔