نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات

نیویارک (نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، معاون خصوصی طارق فاطمی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور دیرپا امن کیلئےمفاہمتی کوششیں جاری رکھے گا۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے بعد پیش آنے والے غیر متوقع واقعات سے امن عمل متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران، اس کے ہمسایہ ممالک اور امریکا کے درمیان مخلص اور دیانت دار ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، کوشش ہے کہ کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی پوری توجہ اسی معاملے پر ہے اور امن کی امید نہیں چھوڑی۔امریکی اور ایرانی صدور کے درمیان ممکنہ ملاقات سے متعلق سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ یہ جاری عمل ہے، تمام دوست ممالک امن کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔