نیویارک میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

نیویارک (اے پی پی) پاکستان کا 79واں یومِ آزادی نیویارک میں قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے بھرپور جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں پرماننٹ مشن آف پاکستان ٹو دی یونائیٹڈ نیشنز اور پاکستان قونصلیٹ جنرل نیویارک کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں قونصل جنرل پاکستان نیویارک عامر احمد آٹوزئی، مشن اور قونصلیٹ جنرل کے افسران و اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان کے یوم آزادی کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

ان پیغامات میں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ اور امن، استحکام اور معاشی خوشحالی کے سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں پاکستان کی قومی یکجہتی، استقامت اور امن، ترقی و خوشحالی کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مضبوط، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ملک کیلئےقربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قونصل جنرل عامر احمد آٹوزئی نے اپنے خطاب میں قائداعظم کے رہنما اصولوں ’’اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط‘‘ کی موجودہ دور میں اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آزادی محض ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو منتقل کی جانے والی ذمہ داری بھی ہے۔

انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی امریکیوں نے پیشہ ورانہ مہارت، کاروبار، سرمایہ کاری، ترسیلات زر، فلاحی سرگرمیوں اور عوامی خدمت کے ذریعے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی اثاثہ اور پاکستان و امریکا کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے والا اہم پل قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں۔پاکستان زندہ باد!