وزیر دفاع بنا تو سنوار اور دیگر فلسطینیوں کی لاشیں جلاؤں گا: بن غفیر

رام اللہ (الجزیرہ، اناطولیہ نیوز ایجنسی) اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن غفیر نے کہا ہے کہ اگر وہ وزیر دفاع بنے تو حماس کے سابق سربراہ یحییٰ سنوار اور 7 اکتوبر کے واقعات میں ملوث فلسطینیوں کی لاشیں جلوا دیں گے۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے ’’کان ریشت بیت‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ایتمار بن غفیر نے کہا کہ وزیر دفاع کا قلمدان ملنے کے بعد وہ سنوار کی لاش اور 7 اکتوبر کے واقعات میں ملوث فلسطینیوں کی لاشیں جلانے کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع کی حیثیت سے وہ طریقۂ کار میں بڑی تبدیلی لائیں گے۔

ایتمار بن غفیر نے حالیہ دنوں میں آئندہ اسرائیلی حکومت میں وزارت دفاع کا قلمدان حاصل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل میں آئندہ انتخابات کی مہم جاری ہے۔

حماس کے سابق سیاسی بیورو سربراہ یحییٰ سنوار اکتوبر 2024 میں رفح میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے ان کی لاش قبضے میں لے لی تھی اور اس کے بعد سے لاش ایک نامعلوم مقام پر اسرائیلی تحویل میں ہے۔