اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے مزید 17 اپارٹمنٹ سب لیز ہولڈرز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ اپیل دائر کردی ہے۔درخواست گزاروں میں سابق ایئر چیف مجاہد انور خان سمیت 17 افراد شامل ہیں۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل بینچ کے فیصلے کے پیراگراف 30 سے اپیل کنندگان کے حقوق متاثر ہوئے ہیں جبکہ اپارٹمنٹس پر ان کا قبضہ اور حقوق پہلے سے تسلیم شدہ ہیں۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ رہائشی ٹاورز بی اور سی کی تعمیر منظور شدہ لے آؤٹ پلان کے مطابق ہوئی تھی،درخواست گزاروں کے مطابق 2023 میں لیز منسوخی کے بعد سی ڈی اے نے ڈائریکٹر اسٹیٹ کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا، جبکہ رہائشیوں کے ساتھ مل کر ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو ٹاورز کے روزمرہ امور چلا رہی ہے۔
اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ لیز منسوخی کے باوجود اپیل کنندگان قانونی طور پر رہائش پذیر رہے، لہٰذا سب لیز کے تحت ان کے حقوق کو قانونی اور مؤثر قرار دیا جائے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سی ڈی اے کو اپارٹمنٹس میں مداخلت سے روکا جائے اور سنگل بینچ کا پیراگراف 30 کالعدم قرار دیا جائے۔

