ٹرمپ کا بیان وقت حاصل کرنے کی کوشش ہے: ایرانی وزارت خارجہ

تہران (ایرانی میڈیا رپورٹس) ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تہران سے مذاکرات سے متعلق بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے وقت حاصل کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا بیان دراصل وقت حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے اور اس کا مقصد توانائی کی قیمتوں میں کمی لانا اور اپنے فوجی منصوبوں پر عمل درآمد کرنا ہے۔

ایران نے مؤقف اختیار کیا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے علاقائی ممالک کی جانب سے مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں اور ان تمام تجاویز کا رخ واشنگٹن کی طرف موڑنا چاہیے۔

ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران وہ فریق نہیں جس نے یہ جنگ شروع کی، حالیہ دنوں میں دوست ممالک کی جانب سے مختلف پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق ان پیغامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی درخواست کر رہا ہے، تاہم ایران نے اب تک اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔