ٹرمپ کا سپریم کورٹ سے ججوں کے اختیارات مزید محدود کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن (رائٹرز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے سپریم کورٹ سے وفاقی ججوں کے اختیارات مزید محدود کرنے کی درخواست کردی ہے، جس کے نتیجے میں ججوں کے لیے وفاقی اداروں کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پورے ملک میں منسوخ کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتوں کو کسی وفاقی ادارے کے ضابطے کو پورے ملک میں کالعدم قرار دینے کے بجائے صرف ان درخواست گزاروں کو ریلیف دینا چاہیے جنہوں نے متعلقہ مقدمہ دائر کیا ہو۔

یہ معاملہ 1946ء کے انتظامی طریقہ کار کے قانون سے متعلق ہے، جو وفاقی اداروں کے کام اور ان کے فیصلوں کے عدالتی جائزے کا طریقہ طے کرتا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس قانون کے تحت ججوں کو کسی ضابطے کو ملک بھر میں منسوخ کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہونا چاہیے۔

اس مقدمے کا تعلق غیر متوقع طبی بلوں کی روک تھام کے لیے بنائے گئے وفاقی قواعد سے ہے۔ ٹیکساس کی طبی تنظیموں اور دیگر درخواست گزاروں نے ان قواعد کو چیلنج کیا تھا۔ پانچویں امریکی اپیل کورٹ نے رواں سال اگست میں ان قواعد کے بعض حصوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں کالعدم کردیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اپیل کورٹ کے قانونی فیصلے کو چیلنج کرنے کے بجائے اس کے ملک گیر اطلاق کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق اگر سپریم کورٹ نے انتظامیہ کا مؤقف تسلیم کرلیا تو وفاقی ادارے کسی ضابطے کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے باوجود مقدمے میں شامل درخواست گزاروں کے علاوہ دیگر افراد اور اداروں پر نافذ کرسکیں گے، جس سے اس ضابطے کے خاتمے میں طویل عرصہ لگ سکتا ہے۔

یہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عدالتی اختیارات محدود کرنے کی دوسری بڑی کوشش ہے۔ گزشتہ سال سپریم کورٹ نے وفاقی ججوں کے ملک گیر حکمِ امتناع جاری کرنے کے اختیارات محدود کردیے تھے۔ اب انتظامیہ چاہتی ہے کہ وفاقی اداروں کے قواعد کو پورے ملک میں کالعدم قرار دینے کے عدالتی اختیار پر بھی پابندی عائد کی جائے۔

تاہم اس اقدام کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ملک گیر عدالتی ریلیف وفاقی حکومت کے اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے اور تمام ریاستوں میں یکساں قوانین کے نفاذ کے لیے ضروری ہے۔ سپریم کورٹ نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ اس اپیل کی سماعت کرے گی یا نہیں۔ توقع ہے کہ عدالت آئندہ سال کے اوائل میں اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔