امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر سیاسی پناہ کی درخواستیں روکنے کے صدارتی حکم کو چیلنج
نچلی عدالتوں نے پابندی کو غیر قانونی قرار دیا تھا
واشنگٹن (خبر ایجنسیاں) امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر تارکینِ وطن کی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر پابندی کے معاملے کی سماعت کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے نچلی عدالتوں کے ان فیصلوں کو ختم کرنے کی درخواست کی ہے جن میں صدارتی حکم نامے کے تحت پناہ کی درخواستیں روکنے کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔
یہ پابندی صدر ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن کے خلاف شروع کی گئی وسیع تر کارروائیوں کا اہم حصہ ہے۔ امریکی وفاقی قانون کے تحت کسی بھی شخص کو، خواہ وہ امریکا میں داخل ہونے کے کسی بھی راستے سے آیا ہو، اپنے آبائی ملک میں ظلم و ستم یا خطرے کے خدشے کی صورت میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے کا حق حاصل ہے۔
انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ امریکی قانون اور آئین صدر کو یہ اختیار دیتے ہیں کہ وہ مخصوص حالات میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرسکتے ہیں۔ سرکاری وکلا کے مطابق سرحد پر تارکینِ وطن کی بڑی تعداد اور سیاسی پناہ کی درخواستوں پر فیصلوں میں کئی سال کی تاخیر کے باعث مسائل پیدا ہوئے تھے، کیونکہ درخواست گزار فیصلے کے انتظار میں امریکا میں موجود رہتے تھے۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ پابندی کے نفاذ کے بعد سرحد پر غیر قانونی آمدورفت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
تاہم امریکی سول لبرٹیز یونین اور دیگر تارکینِ وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس مؤقف کو مسترد کردیا ہے۔ ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے ہی سرحد پر آمدورفت کم ہونا شروع ہوگئی تھی۔ ان کے مطابق صدارتی حکم نامہ کانگریس کے منظور کردہ قانونی تحفظات کو یک طرفہ طور پر ختم کرنے کی کوشش ہے، جن کا مقصد اپنے ممالک میں ظلم و ستم اور خطرات سے فرار ہونے والے افراد کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
درخواست گزاروں کے وکلا کا کہنا ہے کہ امریکی قانون کے تحت سیاسی پناہ دینے یا مسترد کرنے کا فیصلہ ہر درخواست گزار کے حالات کا انفرادی جائزہ لینے کے بعد کیا جانا چاہیے۔ صدر کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ یک طرفہ طور پر لوگوں کو درخواست جمع کرانے کے بنیادی حق ہی سے محروم کردیں۔ سیاسی پناہ منظور ہونے کی صورت میں متعلقہ افراد کو امریکا میں قانونی طور پر رہنے اور کام کرنے کی اجازت ملتی ہے۔
یہ پابندی صدر ٹرمپ نے 20 جنوری 2025ء کو وائٹ ہاؤس واپسی کے پہلے روز جاری کیے گئے حکم نامے کے ذریعے متعارف کرائی تھی۔ اس کے خلاف تارکینِ وطن کے حقوق کی تنظیموں اور متاثرہ افراد نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ جولائی 2025ء میں وفاقی عدالت نے انتظامیہ کے حکم کو غیر قانونی قرار دیا، جبکہ رواں سال اپریل میں اپیل کی عدالت نے بھی اس فیصلے کو برقرار رکھا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ان فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔
امریکی سپریم کورٹ اس مقدمے کی سماعت آئندہ موسمِ بہار میں کرے گی اور جون کے اختتام تک فیصلہ متوقع ہے۔ اس مقدمے کا فیصلہ صدر کے امیگریشن اختیارات اور امریکا میں سیاسی پناہ کے قانونی نظام کے مستقبل کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔

