ٹرمپ کی چین آمد سے قبل شی جن پنگ اور پیوٹن کی اہم ملاقات شروع

شین ژین (بی بی سی، اے ایف پی) چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات شروع ہوگئی، جس کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین آمد سے قبل باہمی تعلقات اور عالمی امور پر تبادلۂ خیال کرنا ہے۔

بی بی سی کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات چین کے شہر شین ژین میں ہوئی، جہاں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس جاری ہے۔ یہ ملاقات ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کے درمیان جمعرات کو ہونے والی تاریخی سہ فریقی ملاقات سے ایک روز قبل ہورہی ہے۔ یہ تینوں عالمی رہنماؤں کی پہلی مشترکہ نشست ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ سہ فریقی مذاکرات میں ایران کی جنگ، جوہری ہتھیاروں میں کمی اور عالمی سلامتی کے معاملات زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔ یوکرین جنگ کے معاملے پر بھی اختلافات موجود ہیں۔ واشنگٹن کی جانب سے پہلے اشارہ دیا گیا تھا کہ یوکرین کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگا، تاہم ٹرمپ نے بعد میں کہا کہ اس موضوع پر بھی بات ہوگی۔

روسی صدر پیوٹن نے شین ژین میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹرمپ اور شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی سہ فریقی ملاقات سے مفید نتائج کی توقع ہے۔ دوسری جانب چین نے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان عالمی امن کے تحفظ اور بڑی طاقتوں کے تعلقات میں تزویراتی استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال ہوگا۔

اے ایف پی کے مطابق یوکرین جنگ کے حوالے سے خدشات بھی موجود ہیں کہ تین بڑی طاقتوں کے رہنما یوکرین اور یورپی ممالک کی شمولیت کے بغیر اس جنگ کے مستقبل پر بات کرسکتے ہیں۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اس خدشے کا اظہار کرچکے ہیں کہ ان کے ملک کے مستقبل سے متعلق کوئی فیصلہ ان کی شرکت کے بغیر نہ کیا جائے۔

ادھر روس اور چین کے درمیان قریبی تعلقات اور توانائی و تجارت میں تعاون بھی ملاقات کے اہم موضوعات میں شامل ہے۔ دونوں رہنماؤں کی رواں سال یہ پانچویں ملاقات ہے۔