ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) پولیس کے مطابق احمد حسن آصف نامی 27 سالہ آٹو مکینک کو بدھ کی رات ایسٹ یارک میں چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا، جبکہ ملزم جائے وقوعہ سے پیدل فرار ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ رات تقریباً ساڑھے 9 بجے گیمبل اور ڈون لینڈز ایونیو کے علاقے میں پیش آیا، جہاں جھگڑے اور شور شرابے کی اطلاع پر پولیس پہنچی۔

ہومیسائیڈ ڈیٹیکٹو سارجنٹ سجیف نائر نے بتایا کہ مقتول کو ایک رہائشی عمارت کے عقب میں زخمی حالت میں پایا گیا، جہاں وہ چاقو کے واروں سے شدید زخمی تھا۔ امدادی کوششوں کے باوجود وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو جائے وقوعہ سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ ایک سفید رنگ کی بی ایم ڈبلیو گاڑی، جو قریبی کھڑی گاڑیوں سے ٹکرا گئی تھی، کو بھی واقعے سے متعلق قرار دیا جا رہا ہے۔ گاڑی کو قبضے میں لے کر فرانزک ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈیٹیکٹو سارجنٹ نے کہا کہ مقتول ایک محنتی نوجوان تھا جو آٹو مکینک کے طور پر کام کرتا تھا اور اپنے خاندان میں بے حد محبوب تھا۔ پولیس نے ملزم کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود کو قانون کے حوالے کرے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعےکی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں جبکہ اہلکار علاقے میں ویڈیو شواہد اکٹھے کرنے کیلئےگھر گھر جا کر تفتیش کر رہے ہیں۔یہ واقعہ رواں سال ٹورنٹو میں ہونیوالا پانچواں قتل ہے۔

