پاسداران کو دشمن کی سرزمین پر حملوں کی صلاحیت حاصل کرنے کا حکم دیدیا: جنرل رضا نقدی

تہران (ایجنسیاں) نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت پاسداران انقلاب ایران کو دشمن کی سرزمین پر حملوں کی صلاحیت حاصل کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیت اس قدر بڑھائیں کہ ملکی سرحدوں سے جارحانہ آپریشنز کو دشمن کی سرزمین تک لے جایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کا جنگی بجٹ ایران کے دفاعی بجٹ سے 100 گنا زیادہ ہے مگر دشمن کے تمام 14 مقاصد ناکامی سے دوچار کیے گئے ہیں۔کسی دشمن ملک کا نام لئے بغیر سینئر مشیر نے کہا کہ ایران کو اس قابل ہونا چاہیے کہ وہ جنگ دشمن کے علاقے تک لے جاسکے اور جارحانہ ڈاکٹرائن کی یہ خصوصیت پوری ہونی چاہیے۔

بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا کہ پاسداران انقلاب سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ صلاحیت حاصل کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر اسے استعمال کیا جاسکے۔