بیجنگ (خبر ایجنسیاں) پاکستان کے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے خلا میں پہنچ گئے، وہ زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
چین کے جیوکوان خلائی مرکز سے بدھ 25 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شین ژو 24 خلائی جہاز نے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے پرواز کی۔ خلائی جہاز میں ذیشان علی کے ہمراہ دو چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی سوار تھے۔
چینی خلائی ادارے کے مطابق خلائی جہاز نے کامیابی سے زمین کے مقررہ مدار میں داخل ہونے کے بعد تیان گونگ خلائی اسٹیشن کے ساتھ رابطہ قائم کیا اور تین گھنٹے 38 منٹ بعد اسٹیشن کے ساتھ جڑ گیا۔ اس طرح ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بھی بن گئے۔
40 سالہ ذیشان علی پاکستان فضائیہ کے سابق پائلٹ ہیں۔ انہیں اپریل 2026ء میں چین کے انسانی خلائی پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے چین میں کئی ماہ تک خلائی تربیت، تکنیکی مہارتوں اور چینی زبان کی تعلیم حاصل کی۔
مشن کے دوران ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے اور سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ ان کے تجربات میں روشنی کی مدد سے توانائی پیدا کرنے والے خردبینی جانداروں پر تحقیق بھی شامل ہے، جو مستقبل میں خلائی مشنز کے دوران خوراک اور آکسیجن کے حصول میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025ء میں خلائی تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی امیدواروں کو چین میں تربیت دی گئی اور ذیشان علی کو مشترکہ خلائی مشن کے لیے منتخب کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیابی کو پاکستان کیلئے تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے چین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
ذیشان علی نے روانگی سے قبل اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وہ صرف اپنی ذات کی نمائندگی نہیں کررہے بلکہ ان کے کندھوں پر پاکستان کا نام اور کروڑوں پاکستانیوں کی امیدیں بھی ہیں۔

