اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی ریفائنریز کی استعداد اور معیار بہتر بنانے کے منصوبے امریکی مالیاتی اداروں کیلئےسرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ امریکا پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے تعاون کا خواہاں ہے۔ پاکستان میں امریکی کمپنیوں کیلئے کاروباری مواقع پیدا کرنا ضروری ہے، جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدتی توانائی فراہمی کے معاہدے بھی مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران علی پرویز ملک نے امریکی ناظم الامور کو پاکستان کی توانائی ضروریات کے تحفظ اور ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر نیٹلی اے بیکر نے ایندھن کی فراہمی کی صورتحال مؤثر انداز میں سنبھالنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی ضروریات کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے اور دونوں ملکوں کی ٹیمیں توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جبکہ امریکی تعاون اور دوطرفہ روابط کا فروغ ملک کی طویل مدتی توانائی سلامتی مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔علی پرویز ملک نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

