پاکستانی کمیونٹی کو قونصل خانے کی نئی عمارت سے بہتر سہولتیں میسر آئیں گی: محمدسلیم

ٹورنٹو (اشرف خان لودھی سے) پاکستان کےہائی کمشنر محمدسلیم نے کہا ہے کہ ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل خانے کی نئی عمارت کا محلِ وقوع پاکستانی کمیونٹی کیلئے زیادہ موزوں ہے، جہاں رسائی آسان ہونے سے وقت اور سفری دشواری دونوں میں نمایاں کمی آئے گی۔

’جنگ نیوزکینیڈا‘کے چیف ایڈیٹراشرف خان لودھی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ہائی کمشنرمحمدسلیم نے کہا کہ قونصل خانے کا سابقہ دفتر مارکھم کے علاقے میں کرائے کی عمارت میں قائم تھا، جبکہ نئی عمارت یارک لینڈ کے علاقے میں واقع ہے، جو گریٹر ٹورنٹو ایریا کے لحاظ سے ایک مرکزی مقام رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاؤن ٹاؤن ٹورنٹو، مارکھم، اوشاوا، برامپٹن، مسی ساگا اور دیگر ملحقہ علاقوں سے آنے والے افراد کیلئےیہ مقام زیادہ آسان اور موزوں ہے، کیونکہ یہ مرکزی شاہراہوں سے براہِ راست منسلک ہے۔

ہائی کمشنر محمدسلیم کا کہنا تھا کہ خاص طور پر موسمِ سرما میں برف باری اور خراب موسمی حالات کے دوران کمیونٹی کے افراد کو سابقہ مقام تک پہنچنے میں مشکلات پیش آتی تھیں، تاہم نئی عمارت کی ہائی ویز تک براہِ راست رسائی کے باعث آمدورفت پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سہل ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ نئی عمارت بھی کرائے پر حاصل کی گئی ہے، تاہم یہ سابقہ دفتر کے مقابلے میں زیادہ کشادہ اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہے۔ عمارت میں زیرِ زمین پارکنگ، لفٹ اور شہریوں کی سہولت کیلئےدیگر تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔

ہائی کمشنرنے اظہارِ امید کیا کہ نئی عمارت میں منتقلی سے پاکستانی کمیونٹی کو قونصلر خدمات کے حصول میں مزید آسانی میسر آئے گی اور مرکزی شاہراہ سے منسلک ہونے کی وجہ سے لوگوں کا وقت اور سفری اخراجات بھی کم ہوں گے۔

ہائی کمشنر نے نئی عمارت میں منتقل ہونے کی خوشی میں دیگرمہمانان گرامی کے ساتھ ملکرکیک بھی کاٹا۔اس موقع پرکینیڈامیں قونصل جنرل پاکستان خلیل احمدباجوہ ،ڈپٹی قونصل جنرل پاکستان محمدحسن ،سینئرصحافی وکالمسٹ میاں حبیب،مظہرشفیق،باباعرفان ملک اورگیتی آرابھی موجودتھے۔

گفتگو کے اختتام پر اشرف خان لودھی نے ہائی کمشنرمحمدسلیم کو قونصل خانے کی نئی عمارت کے افتتاح پر مبارکباد دی، جس پرہائی کمشنر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔