لاہور (خبر ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی سے پارٹی کے سینئر رہنما اور قانون دان سردار لطیف کھوسہ نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سردار لطیف کھوسہ نے چوہدری پرویز الٰہی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان سے لطیف کھوسہ کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں تیزی سے تبدیل ہوتے حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں بھی سیاسی تعطل ختم کیا جائے، کیونکہ موجودہ صورتحال کسی کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔ سردار لطیف کھوسہ ایک تجربہ کار اور منجھے ہوئے سیاست دان ہیں اور ان کی سیاسی بصیرت پارٹی کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے آئندہ کے لائحہ عمل اور سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔

