پرویز الٰہی نےخاموشی توڑ دی، عمران خان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے تقریباً ایک سال کی خاموشی کے بعد پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں عمران خان کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی سے پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی کے ارکان نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کی صحت روز بروز خراب ہو رہی ہے، ان کی بینائی اور بلڈ پریشر کی مسلسل نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق وزیراعظم کو مکمل صحت یابی تک بہترین دستیاب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

ملاقات میں رکن قومی اسمبلی میاں محمد غوث، ارکان پنجاب اسمبلی چوہدری اعجاز شفیع، ضمیر الحسن بھٹی اور ڈاکٹر فیصل جمیل بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کی یہ ملاقات ایک سال سے زائد عرصے بعد ان کی سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں واپسی کے طور پر سامنے آئی ہے۔