سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد کا فیصلہ، جرگوں میں اسلحے کی نمائش
بھاری رقوم کی وصولی اور فائرنگ کے واقعات پر کارروائی کا انتباہ
پشاور (خبر ایجنسیاں) پشاور پولیس نے شہر میں نجی جرگوں کے انعقاد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایسے اجتماعات منعقد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور جرگوں کے لیے جگہ فراہم کرنے والے ہوٹلوں اور شادی ہالوں کو سیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
کیپیٹل سٹی پولیس افسر ڈاکٹر میاں سعید احمد نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نجی جرگے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ہوٹلوں اور شادی ہالوں کی انتظامیہ کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ایسے اجتماعات کے لیے اپنی جگہ فراہم نہ کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
پولیس حکام کے مطابق نجی جرگوں کے حوالے سے متعدد شکایات اور مختلف واقعات سامنے آنے کے بعد پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ چند روز قبل ایک نجی ہوٹل میں جرگے کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد پولیس نے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے بتایا کہ نجی جرگوں میں اسلحے کی نمائش اور اسلحے کے کلچر کو فروغ ملنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ایسے اجتماعات میں فریقین سے بھاری رقوم بطور ضمانت وصول کی جاتی ہیں اور بعض اوقات فیصلوں کے بعد فریقین کے درمیان جھگڑے اور تصادم بھی ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی جرگوں کے ارکان اپنی خدمات کے عوض دونوں فریقوں سے رقم وصول کرتے ہیں، جبکہ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں اجلاس منعقد کرنے کے باعث کھانے پینے اور دیگر اخراجات کا اضافی بوجھ بھی فریقین پر پڑتا ہے۔ بعض معاملات میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جرگوں میں ملوث افراد کو گرفتار کیا، رقم برآمد کرکے متعلقہ فریقوں کو واپس دلائی۔
سی سی پی او کے مطابق حکومت نے تنازعات کے حل کے لیے پولیس کی نگرانی میں مصالحتی کمیٹیاں قائم کر رکھی ہیں، جو بلا معاوضہ لوگوں کے مسائل حل کرتی ہیں۔ ان کمیٹیوں کے ارکان عوام کے لیے معروف ہیں اور ان کی سرگرمیوں کی نگرانی بھی کی جاتی ہے، اسلئے نجی سطح پر الگ جرگے قائم کرنے کی ضرورت نہیں۔
ڈاکٹر میاں سعید احمد نے واضح کیا کہ پولیس نجی جرگوں کے منتظمین کے ساتھ ساتھ ان اجتماعات کے لیے جگہ فراہم کرنے والے ہوٹلوں اور شادی ہالوں کے خلاف بھی کارروائی کرے گی۔
دریں اثنا سی سی پی او نے پولیس کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیز کرنے، منشیات فروشوں، راہزنی میں ملوث عناصر اور جرائم پیشہ گروہوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش کیخلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کرنے کا حکم دیا۔

