پیرس(غیر ملکی میڈیا، ایلیزی پیلس، رائٹرز)پیرس میں آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی سے متعلق ہونے والے اعلیٰ سطحی سربراہی اجلاس کے آغاز پر ایک غیر متوقع اور وائرل لمحہ اس وقت سامنے آیا جب فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور اٹلی کی وزیرِاعظم جارجیا میلونی کی ملاقات میں ان کے درمیان نہایت گرمجوش انداز میں مصافحہ، گلے ملنے اور گال پر بوسے کا تبادلہ ہوا۔
یہ لمحہ کیمروں کی زد میں آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات پیرس کے ایلیزی پیلس میں اُس وقت ہوئی جب وہ آبنائے ہرمز کے تحفظ کیلئےبلائے گئے بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کیلئےپہنچے تھے۔
ابتدائی رسمی خیرمقدم کے دوران میکرون نے میلونی کا استقبال روایتی یورپی انداز میں کیا، جس میں گلے ملنا اور گال پر بوسہ شامل تھا جبکہ دونوں رہنماؤں کے چہروں پر مسکراہٹ بھی دیکھی گئی۔اگرچہ یہ ملاقات رسمی سفارتی پروٹوکول کا حصہ تھی.
تاہم کیمرے کے سامنے اس کا انداز اور غیر معمولی گرمجوشی نے عالمی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر خاص توجہ حاصل کرلی۔ کئی صارفین نے اس لمحے کو “unexpectedly friendly diplomatic moment” قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے یورپی رہنماؤں کے درمیان بڑھتے تعلقات کی علامت بھی کہا۔
یہ اجلاس عالمی توانائی سپلائی چین کے تحفظ اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئےمنعقد کیا گیا تھا.تاہم میکرون اور میلونی کا یہ وائرل لمحہ اجلاس سے زیادہ خبروں کی زینت بن گیا۔یہ اجلاس فرانس، برطانیہ، جرمنی اور اٹلی کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوا جس کا مقصد حالیہ جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت کیلئے محفوظ بنانا تھا۔

