ڈگری دکھا دیں، وکلا سے معافی مانگ لوں گا: کیپٹن (ر) محمد صفدر

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ وکلا اپنی ڈگری دکھا دیں تو وہ ان سے معافی مانگ لیں گے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ ملک میں جعلی ڈگریوں کی بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے، ماضی میں سیاست دانوں کی جعلی ڈگریوں کا معاملہ بھی سامنے آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ نے جو باتیں کی ہیں، ان سے ان کا کیس کمزور ہوا ہے، اعظم نذیر تارڑ سیاست میں ان سے جونیئر ہیں۔ جعلی ڈگریوں کے خلاف اعظم نذیر تارڑ کو لڑنا چاہیے۔کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہماری جماعت ہے، تاہم وہ سیاست سے ہٹ کر یہ کام کر رہے ہیں۔

اس سے قبل سینئر وکیل احسن بھون نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔نوٹس کے مطابق کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے احسن بھون کی تعلیمی قابلیت اور وکالت کے حوالے سے عائد کیے گئے الزامات جھوٹے اور شدید ہتک آمیز ہیں، جس پر قانونی کارروائی کے لیے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا۔