ڈیوڈ ویلیمز پر کم عمر لڑکیوں کی جنسی گرومنگ کے الزامات، اداکارہ لوسی بیومونٹ بھی سامنے آگئیں

متعدد خواتین نے نوعمری میں جنسی بدسلوکی کا نشانہ بننے کے دعوے کیے
ٹی وی کارکن نے لڑکیوں کو اداکار کے ڈریسنگ روم تک پہنچانے کا انکشاف کیا
مبینہ متاثرہ خاتون سے خاموشی کے معاہدے پر دستخط کرائے گئے، لندن پولیس کو بھی شکایات موصول

لندن (خبر ایجنسیاں) برطانوی اداکار، مزاح نگار اور بچوں کے مصنف ڈیوڈ ویلیمز پر کم عمر لڑکیوں کو جنسی مقاصد کیلئے ورغلانے اور استحصال کے سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد معاملہ مزید سنگین ہوگیا۔ معروف مزاحیہ اداکارہ لوسی بیومونٹ نے بھی ایک مبینہ متاثرہ خاتون اور ٹیلی وژن کے ایک کارکن سے ہونیوالی گفتگو کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ خاتون سے خاموش رہنے کے معاہدے پر دستخط کرائے گئے تھے۔

برطانوی اخبار گارڈین اور نشریاتی ادارے آئی ٹی وی نیوز کی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ میں متعدد خواتین نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈیوڈ ویلیمز نے اس وقت ان سے رابطے کیے جب ان کی عمریں 15 سے 17 سال کے درمیان تھیں۔ خواتین کے مطابق اداکار نے اپنی شہرت اور شوبز کی دنیا میں اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے انہیں اپنے قریب کیا اور بعدازاں مبینہ طور پر نامناسب جنسی رویہ اختیار کیا۔

ایک خاتون نے الزام لگایا کہ 2007ء میں جب اس کی عمر 15 سال تھی تو 36 سالہ ڈیوڈ ویلیمز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے اس سے رابطہ کیا اور اپنے گھر بلانے کے بعد اسے جنسی طور پر ہراساں کیا۔ ایک دوسری خاتون نے بتایا کہ وہ اداکار سے 15 سال کی عمر میں ملی تھی اور ان کے درمیان جنسی تعلق اس وقت قائم ہوا جب وہ 17 سال کی تھی۔ خاتون کے مطابق اداکار نے اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے اسے ذہنی طور پر اپنے قابو میں کیا تھا۔

اسکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے لوسی بیومونٹ نے بتایا کہ تقریباً 3 سال قبل ٹیلی وژن کے ایک نوجوان کارکن نے ان سے رابطہ کرکے اپنے خدشات بیان کیے تھے۔ اس کارکن نے مبینہ طور پر بتایا کہ ایک پروگرام کے دوران اسے کم عمر لڑکیوں کو ڈیوڈ ویلیمز کے ڈریسنگ روم تک لے جانے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ کارکن کے مطابق ان لڑکیوں میں بعض کمزور سماجی پس منظر سے تعلق رکھتی تھیں اور انہیں ٹیلی وژن کی دنیا کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔

بیومونٹ نے کہا کہ وہ خود ڈیوڈ ویلیمز کے ساتھ کام نہیں کرچکی ہیں اور نہ ہی انہوں نے کسی مبینہ واقعے کا براہ راست مشاہدہ کیا، تاہم کارکن کی بات سننے کے بعد انہیں لڑکیوں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش ہوئی۔ بعدازاں انہوں نے ان لڑکیوں میں سے ایک خاتون سے رابطہ کیا تو وہ شدید ذہنی پریشانی کا شکار دکھائی دی۔

اداکارہ کے مطابق اس خاتون نے ایک رازداری کے معاہدے پر دستخط کر رکھے تھے، جس کے تحت وہ اپنے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعے کے بارے میں ذرائع ابلاغ، اہل خانہ، دوستوں حتیٰ کہ معالج سے بھی بات نہیں کرسکتی تھی۔ بیومونٹ نے خاتون کو قانونی مدد فراہم کرنے اور اس کے اخراجات اٹھانے کی پیشکش کی، تاہم خاتون نے قانونی پیچیدگیوں کے خدشے کے باعث یہ مدد قبول نہیں کی۔

لوسی بیومونٹ نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے سے متعلق معلومات برطانوی اخبار گارڈین کے صحافیوں تک بھی پہنچائی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی وژن کی صنعت میں شکایات درج کرانے اور مبینہ متاثرین کے تحفظ کیلئے مؤثر نظام ہونا چاہیے تاکہ ایسے معاملات کو سامنے لانے میں رکاوٹیں پیدا نہ ہوں۔

دوسری جانب لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ڈیوڈ ویلیمز سے متعلق خبروں کے بعد ماضی کے مبینہ جنسی جرائم کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق ان شکایات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کو بھی دیکھا جائے گا تاکہ ممکنہ دیگر جرائم کے شواہد سامنے آسکیں۔

ڈیوڈ ویلیمز نے اپنے خلاف تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کوئی قانون نہیں توڑا اور نہ ہی اپنی شہرت یا اثر و رسوخ کا ناجائز استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جن خواتین سے ان کے تعلقات رہے، اگر ان میں سے بعض کو ان کے رویے سے تکلیف پہنچی تو انہیں اس پر افسوس ہے، تاہم انہوں نے جنسی استحصال اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات کی تردید کی ہے۔

الزامات سامنے آنے کے بعد برطانوی شوبز اور اشاعتی حلقوں میں بھی اس معاملے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ بچوں کی کتابوں کے معروف ناشر ہارپر کولنز نے گزشتہ سال ڈیوڈ ویلیمز کے ساتھ معاہدہ ختم کردیا تھا، جبکہ ایک نئی فلم سے ان کا مختصر کردار بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ ڈیوڈ ویلیمز برطانوی مزاحیہ پروگرام ’’لٹل برطانیہ‘‘ سے شہرت حاصل کرنے کے علاوہ بچوں کی مقبول کتابوں کے مصنف بھی ہیں اور دس سال تک ٹی وی پروگرام ’’برٹینز گاٹ ٹیلنٹ‘‘ کے جج رہ چکے ہیں۔