کراچی میں جعلی پولیس مقابلے میں نوجوان کا قتل، ایک اہلکار کو سزائے موت، 2 کو عمر قید

کراچی (نمائندہ خصوصی)کراچی کی ماڈل کرمنل کورٹ ایسٹ نے گلستان جوہر میں جعلی پولیس مقابلے کے دوران نوجوان کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر ایک پولیس اہلکار کو سزائے موت جبکہ دو شریک ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

عدالت نے تینوں مجرم پولیس اہلکاروں کو مقتول کے ورثا کو 5، 5 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ملزمان کے خلاف 2022ء میں شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق شاہین فورس کے پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم نہ رکنے پر اس کا تعاقب کیا اور ایک رہائشی فلیٹ میں داخل ہوکر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

پولیس اہلکاروں نے ابتدائی طور پر واقعے کو پولیس مقابلہ ظاہر کیا تھا، تاہم تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے دوران جعلی مقابلے میں نوجوان کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سزائیں سنادیں۔